واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے جو اسپام میسجز کے مسئلے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ کمپنی نے بتایا ہے کہ اب انفرادی صارفین اور بزنس اکاؤنٹس کو ایسے افراد کو میسجز بھیجنے کی حد مقرر کی جائے گی جن سے کوئی جواب نہیں آتا۔
واٹس ایپ کے مطابق یہ فیصلہ صارفین کو غیر ضروری اور بار بار آنے والے اسپام میسجز سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس نئی پابندی کے تحت اگر کوئی صارف کسی دوسرے فرد سے جواب نہیں پاتا تو اسے مزید میسجز بھیجنے کی حد طے کی جائے گی تاکہ صارفین کی پریشانی کم ہو۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ جو میسجز کا جواب دیا جائے گا، وہ اس حد میں شمار نہیں ہوں گے، جس سے حقیقی رابطے متاثر نہیں ہوں گے۔ واٹس ایپ نے میسج بھیجنے کی حد کی تفصیلات تاحال نہیں بتائیں لیکن مختلف نمبروں کی آزمائش جاری ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جب کوئی صارف یا بزنس اس حد کو عبور کرے گا تو ایپ کی طرف سے ایک الرٹ ظاہر ہوگا جس میں میسج کی تعداد دکھائی جائے گی تاکہ صارف اپنے میسجز کی تعداد کو کنٹرول کر سکے اور بلاک ہونے سے بچ سکے۔
یہ نیا فیچر آنے والے ہفتوں میں مختلف ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ عام صارفین کو اس حد کا سامنا کم ہی ہوگا اور ان کے میسجنگ کے تجربے پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا، جبکہ اس سے اسپام میسجز کا مسئلہ نمایاں حد تک کم ہو گا۔
واٹس ایپ کی یہ تبدیلی صارفین کے لیے خوش آئند ہے اور اس سے میسجنگ پلیٹ فارم کو مزید محفوظ اور آرام دہ بنایا جائے گا۔








