اگر ہر عمر میں صحت مند رہنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ورزش کرنا ضروری ہے۔
مگر بیشتر افراد کے لیے روزانہ ورزش کرنا ممکن نہیں ہوتا یا روزمرہ کی مصروفیات کے باعث وہ اسے بوجھ سمجھتے ہیں۔
اچھی خبر یہ ہے کہ ضروری نہیں کہ آپ روزانہ گھنٹوں تک ورزش کریں بلکہ ایک منٹ کی ورزش سے بھی صحت کو فائدہ ہوسکتا ہے۔
جی ہاں واقعی ایک منٹ کی سخت ورزش جیسے سیڑھیاں چڑھنے سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔
یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ ایک منٹ کی سخت ورزش جیسے تیزی سے سیڑھیاں چڑھنے، بچوں کے پیچھے بھاگنے یا بھاری سامان اٹھانے سے زندگی کی مدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
اس تحقیق میں 33 سو کے قریب ایسے افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی جن کی اوسط عمر 51 سال تھی۔
یہ افراد روزانہ ورزش کرنے کے عادی نہیں تھے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ کلائی پر ٹریکرز پہن کر رکھیں تاکہ ان کی جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جاسکے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد روزانہ محض ایک منٹ کی سخت جسمانی سرگرمیوں کو معمول بناتے ہیں، ان میں آئندہ 6 سال کے دوران کسی بھی وجہ سے قبل از وقت موت کا خطرہ 38 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
درحقیقت تحقیق میں بتایا گیا کہ ضروری نہیں کہ آپ مسلسل ایک منٹ تک سخت جسمانی سرگرمی کریں بلکہ 6 بار 10، 10 سیکنڈز کے لیے ایسا کرنے سے بھی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق چند سیکنڈز کی سخت جسمانی سرگرمیوں کو دن میں کئی بار کرنے سے صحت کو نمایاں فائدہ ہوتا ہے۔
محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کے نتائج کچھ حد تک محدود ہیں کیونکہ ٹریکرز ان افراد کی جسمانی سرگرمیوں کو درست طریقے سے ریکارڈ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ آپ ورزش کو چھوڑ کر صرف ایک منٹ کی سخت جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنا لیں، بلکہ جسمانی سرگرمیوں کا دورانیہ جتنا زیادہ ہوگا، صحت کو اتنا زیادہ فائدہ ہوگا۔
اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کچھ وقت کی سخت ورزش جیسے روزانہ ساڑھے 4 منٹ کی جسمانی سرگرمیوں سے کینسر کی کچھ اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ 32 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
سڈنی یونیورسٹی کی ستمبر 2023 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ روزمرہ کی سرگرمیاں جیسے سامان خریدنے کے لیے دکان تک پیدل چل کر جانے یا گھر کے کام کرنے سے بھی ہارٹ اٹیک، فالج اور قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر قسم کی جسمانی سرگرمیاں جان لیوا امراض کا خطرہ کم کرتی ہیں۔
اس تحقیق میں 42 سے 78 سال کی عمر کے 25 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
تحقیق میں ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو ورزش کرنے کے عادی نہیں تھے اور روزمرہ کی زندگی میں سخت جسمانی سرگرمیوں کے لیے روزانہ 10 منٹ سے بھی کم وقت نکالتے تھے۔
اس کے بعد ان افراد کی جسمانی سرگرمیوں کا تجزیہ 7 دن تک لیا گیا۔
اس کے بعد ان افراد کی صحت پر 8 سال پر نظر رکھی گئی تاکہ معلوم ہو سکے کہ روزانہ کتنے وقت کی عام جسمانی سرگرمیوں سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ محض چند منٹ کی معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیاں ہارٹ اٹیک، فالج اور کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم کر دیتی ہیں۔
تحقیق کے مطابق کم از کم 5 سے 9 منٹ تک کی جسمانی سرگرمیوں سے ہارٹ اٹیک، فالج یا موت کا خطرہ 29 سے 44 فیصد تک گھٹ جاتا ہے، درحقیقت چند منٹ تک مسلسل چلنے سے بھی جان لیوا امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔









