93

ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کا سافٹ وئیر اپ ڈیٹ، کان پکڑ کر معافی مانگ لی

 معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کا سافٹ وئیر اپ ڈیٹ ہوگیا، ٹک ٹاکر نے کان پکڑ کر معافی مانگنے کا ویڈیو بیان جاری کر دیا، معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے ہتھیاروں کی نمائش پر گرفتاری کے بعد کان پکڑ کر معافی مانگتے ہوئے ویڈیو بیان جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے ویڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ اسلحے سے لیس گارڈز کے ساتھ سڑکوں پر گشت کرتے دکھائی دیئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیلا۔

کاشف ضمیر نے اپنے بیان میں اس عمل کو "بےوقوفی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی اس حرکت سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، وعدہ کیا کہ آئندہ وہ نہ تو کسی قسم کی اسلحہ نمائش کریں گے اور نہ ہی ڈالے کلچر کو فروغ دیں گے۔ ٹک ٹاکر نے اس حرکت پر تہہ دل سے معذرت کی اور عوام سے معافی طلب کی۔

یاد رہے کہ کاشف ضمیر کو ایک روز قبل اسلحے کی نمائش اور ڈالے پر سوار ہو کر گارڈز کے ہمراہ ویڈیوز شیئر کرنے پر حراست میں لیا گیا، ان پر اسلحہ کی نمائش سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ کاشف ضمیر کو اس سے قبل اپریل میں بھی پولیس کی وردی کا مذاق اڑانے پر گرفتار کیا جاچکا ہے۔