معروف اداکار و گلوکار فرحان سعید نے بھارت میں پاکستانی ڈراموں پر پابندی لگائے جانے پر اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
اداکار فرحان سعید اور اداکارہ کنزہ ہاشمی نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں مختلف موضوعات کے ساتھ ساتھ پاک بھارت کشیدگی پر بھی بات کی۔
میزبان کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ آپ کے خیال میں بھارت میں پاکستانی ڈراموں پر پابندی لگانے کے بعد ڈراموں کے ویوز کم ہوں گے؟تواس کے جواب میں اداکار نے کہا کہ بالکل ایسا ہی ہے، ڈراموں کے ویوز کم ہوں گے لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہم پہلے ہی 26 کروڑ لوگ ہیں جو ڈراموں کو پسند کرتے ہیں، ہم نے ڈراموں کو بھارتی عوام کے لیے بنانا شروع نہیں کیا۔
فرحان سعید نے مزید کہا کہ بھارتیوں نے ہمارے ڈرامے دیکھنا شروع کیے کیونکہ ہمارے ڈراموں کا مواد اچھا تھا، وہ ہماری فلمیں نہیں دیکھتے کیونکہ وہ اچھی نہیں ہیں، یہ سب مواد سے منسلک ہے اور اچھا مواد ہمیشہ اپنی جگہ بناتا ہے۔
پوڈ کاسٹ میں موجود اداکارہ کنزہ ہاشمی نے کہا کہ بھارتیوں نے چند سال پہلے ہی ہمارے ڈرامے دیکھنا شروع کیے ہیں، اس سے پہلے صرف پاکستانی ہی ڈرامے دیکھتے تھے تو اس پابندی سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔