21

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلے دن کا کھیل منسوخ

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل شدید بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث آج کے میچ کا ٹاس بھی نہیں ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ کافی گیلی ہونے اور وہاں مختلف مقامات پر پانی جمع کے باعث میچ شروع نہیں کیا گیا۔

راولپنڈی گراؤنڈ میں امپائرز نے میدان کا معائنہ کرنے بعد فیصلہ کیا کہ آج کا کھیل ختم کر دیا جائے اور کل سے کھیل کا آغاز کیا جائے۔

واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات کی جانب سے کل بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور امکان یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کل بھی ٹاس تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے میچ کے لیے 12 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

گزشتہ روز راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بیٹے کی ولادت کے سبب ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپنر ابرار احمد اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، جبکہ آل راؤنڈر عامر جمال فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے۔

دوسری جانب بارش کے باعث پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں میچ سے قبل آخری تیاریوں سے محروم رہیں۔