30

پاکستانی چاول کی برآمدات میں بڑا اضافہ

پاکستانی چاول کی برآمدات دو ارب ڈالر سے بڑھ کر 3.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

پاکستان کی زرعی مصنوعات کی برآمدات 37 فیصد اضافہ کیساتھ ریکارڈ 8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں،پاکستان کی چاول کی برآمدات 2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 3.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

پاکستان سے چاول 193 ممالک اور خطوں کو برآمد کیا جا چکا ہے، رواں مالی سال چاول کی برآمدات 5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق پاکستان کے قومی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مالی سال 2023-2024 (جولائی 2023 سے جون 2024) میں ملکی برآمدات10.54 فیصد اضافہ کیساتھ 30.64 ارب ڈالر رہیں جس میں زرعی مصنوعات کی برآمدات نے کافی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یہ37 فیصد اضافہ کیساتھ ریکارڈ 8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں ہیں۔

چاول کی برآمدات پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے جو مالی سال 2024 میں 2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 3.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے جن میں گزشتہ سال کی نسبت 80 فیصد اضافہ ہے اور ملک کی برآمدی فصلوں میں پہلے نمبر پر ہے۔

اس وقت پاکستان چاول برآمد کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے اور اس کا چاول 193 ممالک اور خطوں کو برآمد کیا جا چکا ہے۔ اب تک بہت سی پاکستانی بیج کمپنیوں نے بڑے پیمانے پر ہائبرڈ چاول کی افزائش کے لیے چینی ہم منصبوں کے ساتھ تعاون کیا ہے اور مختلف علاقوں میں کاشت کے حالات کے مطابق ہائبرڈ چاول کی کاشت کی ہے اور ان کی برآمدی مسابقت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان کے متعلقہ محکموں نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں مالی سال چاول کی برآمدات 5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔