14

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں کمی

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 16 فیصد کی کمی آئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 16.86 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے،ادارہ شماریات نے تازہ اعداد و شمار جاری کردیئے ۔

ایک ہفتے میں انڈے 13 روپے فی درجن مہنگے ہوئے، لہسن کی قیمت میں 10 روپے 40 پیسے جبکہ بیف کی قیمت میں 58 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ اسی طرح گڑ، کپڑا، دہی اور دال چنا بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران پیاز 7 روپے 17 پیسے فی کلو سستا ہوا، ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 34 روپے 43 پیسے کمی آئی، چکن، کیلے، ایل پی جی، چینی اور آلو بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ رواں ہفتے ٹماٹر کی قیمتوں میں 40 روپے فی کلو اضافہ ہوا۔