پشاور۔صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے مردان میں 42 کنال اراضی پر محیط 430 بستروں کے نیوروسرجری ہسپتال کی منظوری دیدی ہے جس سے مردان اور صوبہ بھر کے عوام کونیوروسرجری کی جدید ترین سہولیات مل سکیں گی ۔پشاور میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے محمد عاطف خان نے کہا کہ خیبر انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز اینڈ ری ہیبلیٹیشن (کینار) پر تین ارب پانچ کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ اس نومنزلہ ہسپتال میں نیوروسرجری کی تمام تر سہولیات میسر ہوں گی جن میں ریڈیالوجی ، اینجیوگرافی ، انڈوسکوپ سرجری ،آئی سی یو ،ٹیومر ،سپیشل سرجری ،پیڈزنیورواور نیورو واسکولر سرجری وغیرہ شامل ہیں ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کینار ہسپتال مردان کی تعمیر کے لیے 42 کنال اراضی پہلے ہی حاصل کرلی گئی ہے اور اس میں لائبریری ،ریسرچ لیب ،کیفٹیریا اور500 نمازیوں کے لیے ایک خوبصورت مسجد بھی تعمیر کی جائے گی ۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صحت اور تعلیم کو اولین ترجیح دی ہے اور دونوں شعبوں میں ایسی اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن سے خیبر پختونخوا میں عوام کو تعلیم وصحت کی بہترین سہولیات اُن کی دہلیز پر مل رہی ہیں ۔ سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ،سکولوں کی اپ گریڈیشن ،نئے سکولوں کی تعمیر اور آئی ٹی لیبز کے قیام پر بھی اربوں روپے خرچ کیے جاچکے ہیں جس کی وجہ سے نجی سکولوں سے طلباء اب سرکاری سکولوں کا رخ کررہے ہیں
588