اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح صفر اعشاریہ 14 فیصد کم ہو گئی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔ جس کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں کمی کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 43 اعشاریہ 79 فیصد ہو گئی۔
ایک ہفتے میں 15 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور 13 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 23 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق چکن 3.31 فیصد، گڑ ایک فیصد، چائے 0.92 فیصد، دال مونگ 0.80 فیصد اور انڈے 0.43 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ ٹماٹر کی قیمت میں 14.14 فیصد، آلو 5 فیصد، پیاز 1.64 فیصد اور چائے کی پتی 1.2 فیصد سستی ہوئی۔
زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے کا اضافہ اور دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 42 پیسے کا اضافہ ہوا۔ دال ماش کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ اور ایک درجن انڈوں کی قیمت میں بھی 2 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جن اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں ان میں چاول، پاوڈر دودھ، دہی اور نمک سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 10 روپے تک مہنگا ہوا اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 5 روپے مہنگا ہو کر 2 ہزار 817 روپے کا ہو گیا۔
آلو، چائے کی پتی، دال مسور، گھی، خوردنی تیل اور چینی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق مٹن، بیف، تازہ دودھ، گڑ، ٹوٹا باسمتی چاول، جلانے کی لکڑی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔