اسلام آباد: ایف بی آر نے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی اسکیم فائنل کرلی، اسکیم کے تحت الیکشن سے قبل تاجروں کے لیے ریٹیلر اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر نے اسکیم پر عمل درآمد کے لیے تاجروں کی رجسٹریشن کی غرض سے ’تاجردوست‘ موبائل ایپ تیار کرلی ہے، موبائل ایپ کے تحت ٹیکس نیٹ سے باہر تاجروں کو تاجر دوست ایپ کے ذریعے رجسٹرڈ کیا جائے گا۔
اس ایپ کے ذریعے دکان داروں کی آمدن کا ریکارڈ ایف بی آرکو موصول ہوگا۔ ذرائع کے مطابق دکان داروں پر سالانہ آمدن کے مطابق ٹیکس عائد ہوگا جسے ماہانہ وصول کیا جائے گا۔
اس اسکیم سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں ریٹیلرز سے 100 ارب روپے ٹیکس آمدن متوقع ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر شہروں کے تاجروں کی رجسٹریشن شروع کی جائےگی جس کے تحت ملک بھرکے ریٹیلرز پر ٹیکس لگائے جانے سے تقریباً 300 ارب سے زائد آمدن متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق دکان کے سائز اور سالانہ آمدن پر ٹیکس عائد کیا جائےگا جو ماہانہ بنیاد پر جمع ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اسکیم کے تحت تمام شعبوں سے منسلک کاروباروں اور افراد پرٹیکس عائد کیا جائےگا۔