49

سولر پینل کی قیمتوں میں یکدم حیرت انگیز کمی

بجلی کے بڑے بڑے بلوں سے پریشان عوام کیلئےتجارتی میدان سے اچھی خبر، سولر پینلز کی قیمتوں میں 60فیصد تک کمی ہو گئی۔

رپورٹس کے مطابق 550 واٹ کے سولر پینل کی قیمت میں 43ہزار روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد نئی 70 ہزار سے کم ہوکر 27 ہزار پر آگئی ہے جبکہ 450 واٹ 24 ہزاراور 330 واٹ 20 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

تاجروں نے قیمتوں میں کمی کی وجہ ٹیکسز میں کمی کو قرار دیتے ہوئےکہا کہ امپورٹ کھلنے اور ٹیکسز میں ریلیف کے باعث قیمتو ں میں کمی آئی ہے۔ ایک جانب تو سولر پینلز لاگت کم ہونے کے باعث سستے ہوئے ہیں تو دوسری طرف سولر کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل دنیا بھر میں سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی،یورپ اور امریکا کے گوداموں میں سولر پینلز کے ڈھیر لگنے کے باعث قیمتوں میں نصف کی حد تک گراوٹ سامنے آئی تھی اور قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

انٹرنیشنل انرجی ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ سولر پینلز بنانے والے لاگت میں کمی پر توجہ دے رہے ہیں اور جدت پر بھی توجہ مرکوز کئے ہیں تاکہ سولر پینلز کی فروخت میں اضافہ ہو اور منافع بھی بڑھے۔

بھارت، جنوب مشرقی ایشیا اور امریکہ میں سولر پینلز کی لاگت گھٹانے پر زیادہ کام ہو رہا ہے، چین 2028ء تک 85 فیصد پیداوار ممکن بنانے کی تیاری کر رہا ہے۔

دنیا بھر میں سولر پینلز کی طلب میں کمی ہوئی ہے اس وجہ سے سولر پینلز کی قیمتیں کم ہوتی جا رہی ہیں، جس کے باعث دنیا بھر میں پینلز کی قیمتوں میں 60 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔