231

صبا قمر کی فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل کی تیاریاں

پاکستان کی خوبرو اداکارہ صبا قمر کی کامیاب بالی وڈ ڈیبیو فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا۔

فلم میں صبا قمر کی جاندار اداکاری نے پاکستان سمیت بھارت کے مداحوں کو بھی اپنا اسیر کرلیا تھا۔

اس فلم میں صبا قمر نے بالی وڈ کے تجربہ کار اداکار عرفان خان کے ساتھ کام کیا اور دونوں کی جوڑی کو کافی پسند کیا گیا تھا۔

دکل کرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم ساز بھوشن کمار فلم کے سیکوئل کی تیاریاں کر رہے ہیں جب کہ  ’ہندی میڈیم 2‘ کا اسکرپٹ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

فلم ساز بھوشن کمار کا کہنا تھا کہ  'فلم 'ہندی میڈیم' کی وجہ سے مجھے پہلی مرتبہ فلم فیئر ایوارڈز میں بہترین فلم ساز کا اعزاز ملا ہے اور فلم بینوں نے اسے خوب سراہا بھی ہے، لہذا میں اور عرفان اس کا سیکوئل بنانے کے لیے تیار ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ جلد شروع کردی جائے گی جب کہ امکان ہے کہ فلم رواں برس کے آخر میں ریلیز کردی جائے۔

فی الحال فلم کی کاسٹ کا انتخاب نہیں کیا گیا، لیکن ممکن ہے کہ فلم میں دوبارہ صبا قمر اور عرفان خان کو ہی مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیا جائے۔