پریانکا چوپڑا بدترین اداکارہ نامزد ہونے سے بچ گئیں، تاہم ان کی پہلی ہولی وڈ فلم ’بے واچ‘ بدترین فلموں کی کیٹیگری کے لیے نامزد ہوگئی۔
حیران کن طور پر پریانکا چوپڑا کے ساتھ ’بے واچ‘ میں کام کرنے والے زیک ایفرون بھی بدترین اداکار کے لیے نامزد ہوگئے۔
جی ہاں، 38 ویں گولڈن ریسبیری فلمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا، جس میں ہولی وڈ فلم ’ٹرانسفارمرز: دی لاسٹ نائٹ‘ 9 نامزدگیوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
واضح رہے کہ ’گولڈن ریسبیری ایوارڈز‘ کو ’ریزی ایوارڈ‘ بھی کہا جاتا ہے، اس کی تقریب ہر سال فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ شو ’آسکر‘ سے ایک دن قبل منعقد کی جاتی ہے۔
اس ایوارڈ میں زیادہ تر ان فلموں کو نامزد کیا جاتا ہے، جنہیں آسکر اکیڈمی نظر انداز کردیتی ہے، تاہم آسکر کے لیے نامزد فلموں کو بھی نامزد کیا جاتا ہے۔