رواں ماہ 5 نومبر کو میوزیکل کامپیٹیشن شو’پیپسی بیٹل آف دی بینڈز‘ میں شرکت کرنے والے میوزیکل بینڈ ’ای شارپ‘ نے اپنا رومانوی گانا ’او شبانہ‘ جاری کیا تھا۔
’او شبانہ‘ کی ویڈیو اور کہانی کو بہت سراہا گیا تھا اور اسے اب تک 80 ہزار کے قریب بار دیکھا جا چکا ہے۔ ’او شبانہ‘ کے بعد رواں ماہ 12 نومبر کو بھی ’پیپسی بیٹل آف دی بینڈز‘ کے تعاون سے ایک اور ’کشمیر‘ بینڈ نے اپنا گانا ریلیز کیا تھا۔
پیپسی بیٹل آف دی بینڈز کے دوسرے سیزن کے فاتح کشمیر نے 12 نومبر کو ’پروانا ہوں‘ جاری کیا تھا، جسے بینڈ نے کامپیٹیشن میں بھی گایا تھا۔
’پروانا ہوں‘ کے مختصر دورانیے کی ویڈیو میں میوزیکل بینڈ کے ارکان کو پہاڑوں پر پرفارمنس کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ ساتھ ہی صحراؤں میں لوگوں کو جستجو کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا تھا۔
اور اب ’پیپسی بیٹل آف دی بینڈز‘ کے تیسرے سیزن میں شرکت کرنے والے بینڈ ’تماشا‘ کے ارکان نے بھی اپنا گانا ’روشنی’ جاری کردیا۔
تماشا کے گانے ’روشنی‘ میں دوسری دنیا کو دکھایا گیا ہے اور گانے میں 2545 کا زمانہ یعنی ڈیڑھ صدی بعد آنے والے دور کو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
اگرچہ اسی گانے کی شاعری کو پہلے بھی سراہا جا چکا ہے اور بینڈ اسی گانے پر تعریفیں بھی حاصل کر چکا ہے، تاہم اب اسی گانے کی ویڈیو کو بھی اچھوتا قرار دیا جا رہا ہے۔ پیپسی بیٹل آف دی بینڈز میں شامل ہونے والے کسی بھی بینڈ نے پہلی بار سائنس فکشن مناظر پر گانا جاری کیا ہے اور اسے بہت سراہا جا رہا ہے۔