61

اسٹیٹ بینک کی ادائیگیوں سے متعلق رپورٹ جاری

 کراچی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ادائیگیوں کے حوالے سے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی رپورٹ جاری کردی۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے تیسری سہ ماہی مالی سال 2019ء کی ادائیگیوں کی رپورٹ جاری کردی۔ ملک میں 45 بینکوں کی 15 ہزار 549 برانچز ہیں جبکہ بینک اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد 5 کروڈ 31 لاکھ سے زائد ہے۔

ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال2019ء کی تیسری سہ ماہی میں ادائیگیوں کاحجم ایک لاکھ 57 ہزار 331 ارب روپے رہا جبکہ مارچ 2019 تک ملک میں اے ٹی ایم مشینوں کی تعداد 14 ہزار 575 ہوگئی۔اسٹیٹ بینک کی جائزہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2019 کی تیسری سہ ماہی میں اے ٹی ایم سے 13 کروڑ ٹرانزیکشنز کی گئیں۔

 تین ماہ میں اے ٹی ایم کے ذریعے 1606 ارب کی ادائیگیاں کی گئیں جبکہ جنوری سے مارچ کے دوران اے ٹی ایم سے 1434 ارب روپے نقد نکالے گئے۔تین مہینوں میں موبائل بینکنگ سے 271 ارب کی ادائیگیاں کی گئیں۔ مالی سال دو ہزار انیس کے نو مہینوں میں 71 لاکھ ای کامرس ٹرانزیکشنز کی گئیں جولائی سے مارچ تک ای کامرس کی مد میں کارڈ سے ادائیگیوں کاحجم 36 ارب روپے رہا۔