بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے اپنی 34 ویں سالگرہ کے موقع پر سابق بھارتی کپتان کپل دیو پر بننے والی بائیوپک فلم ’83‘ کی پہلی جھلک جاری کردی۔
رنویر سنگھ اس وقت فلم ’83‘ کی عکس بندی میں مصروف ہیں جس کی کہانی سابق بھارتی کپتان کپل دیو کی زندگی اور بھارت کے پہلی مرتبہ 1983 میں ورلڈکپ جیتنے پر مبنی ہے۔
رنویر سنگھ آج اپنی 34 ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور اس موقع پر انہوں نے مداحوں سے فلم ’83‘ میں اپنی پہلی جھلک شیئر کی جسے دیکھ کر سب دنگ رہ گئے۔
رنویر سنگھ نے انسٹاگرام پر کرکٹ بال کے ساتھ ایک سخت تاثر دیتے ہوئے تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے وضاحت دی کہ میرے خاص دن پر ہریانا کا طوفان ملاحظہ کیجیئے۔
مداحوں کے مطابق رنویر سنگھ کی ’83‘ میں پہلی جھلک اتنی دلچسپ ہے کہ پہلی نظر ڈالتے ہی ایسا گمان ہوتا ہے کہ ’کپل پاجی‘ کی جوانی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے کپل دیو کے کردار میں مکمل ڈھلنے کے لیے 10 دن تک ان کے گھر دہلی میں بھی قیام کیا ہے تاکہ وہ ان کی ذاتی زندگی کا رہن سہن اپنا سکیں۔
اس دوران انہوں نے کپل دیو سے ان کی طرح بولنگ اسٹائل کو بھی سیکھا اور ان کے ساتھ پریکٹس بھی کی۔
فلم میں رنویر سنگھ کے ساتھ ان کی اہلیہ و اداکارہ دپیکا پڈوکون کپل دیو کی بیوی کا کردار ادا کر رہی ہیں جس کے لیے وہ پہلے انکار کرچکی تھیں۔
بالی وڈ اسٹارز کی فلم ’83‘ آئندہ برس سینما گھروں کی زینت بنے گی۔