پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے لیے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ڈولفن فورس کا اہلکار حادثاتی طور پر اپنی ہی رائفل سے گولی چلنے کے باعث زخمی ہوگیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حکام کے مطابق اہلکار ڈبل روڈ سے فیض آباد تک سیکیورٹی روٹ پر پٹرولنگ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا کہ اس دوران اس کی رائفل زمین پر گر گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ رائفل گرنے کے باعث لوڈ ہوگئی اور گولی چیمبر تک پہنچ گئی۔ اہلکار نے ضابطۂ کار کے مطابق رائفل اٹھا کر اس کا میگزین الگ کیا۔
رائفل چیک کرتے ہوئے اچانک گولی چل گئی
حکام کے مطابق اہلکار نے چیمبر خالی ہونے کی جانچ کے لیے رائفل کا رخ زمین کی طرف کیا اور ٹریگر دبایا تو اچانک گولی چل گئی، جو اس کے پاؤں میں لگی۔
واقعے کے فوراً بعد زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے سیکیورٹی انتظامات کے تحت ڈیوٹی پر مامور تھا۔









