48

علاقائی ممالک کو برآمدات میں اضافہ

علاقائی ممالک کو ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 4ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 14.21 فیصد کااضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان بیورو برائے شماریات (ایف بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور مالدیپ کو رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ایک ارب 44 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14.21 فیصد زیادہ ہے، علاقائی ممالک کو برآمدات کا حجم پاکستان کے مجموعی برآمدات کا 14.76 فیصد ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین کو مالی سال 24-2023ء کے پہلے 4 ماہ میں 95 کروڑ 22 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 40.36 فیصد زیادہ ہیں، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کو 67 کروڑ 83 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان کو رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 18 کروڑ 6 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی برآمدات ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 17 کروڑ 60 لاکھ 19 ہزار ڈالر تھیں۔

مرکزی بینک اور ایف بی ایس کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کو پاکستانی برآمدات کا حجم 19 کروڑ 21 لاکھ 90 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 34.73 فیصد کم ہیں، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بنگلہ دیش کو 29 کروڑ 44 لاکھ 90 ہزار ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سری لنکا کو جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 11 کروڑ 44 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی برآمدات ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 2.68 فیصد زیادہ ہیں، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سری لنکا کو 11 کروڑ 14 ہزار 80 ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں جبکہ نیپال کو 11 لاکھ 38 ہزار ڈالر کی برآمدات ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 10 لاکھ 26 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 10.91 فیصد زیادہ ہیں اور مالدیپ کو 30 لاکھ 93 ہزار ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 17.87 فیصد زیادہ ہیں، گزشتہ مالی سال میں مالدیپ کو 26 لاکھ 24 ہزار ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں علاقائی ممالک سے درآمدات کا حجم 3 ارب 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9.69 فیصد کم رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی 4 ارب 13 کروڑ 90 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔