519

سوزوکی سوئفٹ 2018 کی آمد

سوزوکی سوئفٹ 2018 اگلے ماہ بھارت میں باقاعدہ طور پر متعارف کرائی جارہی ہے جس کی بکنگ وہاں شروع بھی ہوچکی ہے۔

سوزوکی سوئفٹ کا تھرڈ جنریشن ماڈل 1.2 لیٹر پٹرول 84 ہارس پاور انجن کے ساتھ ہوگا۔

اس کا 1.3 لیٹر ڈیزل انجن والا ماڈل بھی متعارف کرایا جائے گا جو کہ 74 ہارس پاور کے ساتھ ہوگا اور دونوں انجنوں میں فائیو اسپیڈ مینوئل دیئے جائیں گے جبکہ آپشنل فائیو اسپیڈ اے ایم ٹی گیئر باکس بھی صارفین حاصل کرسکیں گے۔

سوزوکی کی جانب سے یہ گاڑی آئندہ ماہ انڈین ایکسپو میں متعارف کرائی جائے گی اور اس کی قیمت کا باضابطہ اعلان ہوگا۔

تاہم امکان ہے کہ اس کی قیمت 5 سے 8 لاکھ بھارتی روپے (ساڑھے 8 لاکھ سے 14 لاکھ پاکستانی روپے تک) ہوسکتی ہے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق یہ گاڑی پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہلکی ہوگی، جبکہ اس میں ایندھن کی اوسط پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہونے کا امکان بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں چینی گاڑی فروخت کے لیے پیش

اسی طرح مسافروں کے تحفظ کے لیے ائیربیگز اور اے بی ایس کے فیچرز بھی دیئے جائیں گے جبکہ اینڈرائیڈ آٹو یا ایپل کار پلے پر مشتمل اسمارٹ پلے ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم بھی اس کا حصہ ہوگا۔

انجن اسٹارٹ ۔ اسٹاپ بٹن، ریورس پارکنگ کیمرہ اور دیگر فیچرز بھی اس کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

بھارت کے بعد یہ ماڈل ممکنہ طور پر پاکستان بھی رواں سال کسی وقت متعارف کرایا جائے گا، تاہم یہاں اس کی قیمت کیا ہوگی، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں۔