72

دوسرا ون ڈے؛ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری

شارجہ: دوسرے ون ڈے میں پاکستان کے 285 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔

شارجہ میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام پہلے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ شان مسعود بھی 19 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

پہلے میچ کے سنچری میکر حارث سہیل نے محمد رضوان کے ساتھ ملکر 52 رنز کی شراکت قائم کی لیکن حارث 34 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد عمر اکمل بیٹنگ کے لیے آئے اور وہ بھی 16 رنز بنانے کے بعد ناتھن لیون کو غلط شارٹ مارتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

کپتان شعیب ملک اور محمد رضوان کے درمیان 112 رنز کی شراکت قائم ہوئی اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کی، شعیب ملک 60 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، وہ 115 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین ون ڈے ڈیبیو کررہے ہیں، ان کو محمد عامر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹ کے شکست دی تھی۔