134

افغانستان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ریکارڈ بک الٹ پلٹ کردی ​​​​​​​

دیرہ دون: افغان کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئٹنی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور بناکر آسٹریلیا کا ریکارڈ توڑ دیا۔ 

بھارت کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے آئرلینڈ کو شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی لیکن افغان ٹیم کی جانب سے اس میچ میں متعدد ریکارڈ اپنے نام کیے گئے۔

افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 278 رنز اسکور کیے جو اب تک ٹی ٹوئںٹی کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے اس سے قبل آسٹریلیا نے 2016 میں 6 وکٹ کے نقصان پر 263 رنز اسکور کیے تھے۔

افغانستان کے اوپننگ بلے باز حضرت اللہ زازئی اور عثمان غنی نے 236 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، عثمان غنی 48 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس میں تین چھکے اور 7 چوکے شامل ہیں۔

دوسری جانب حضرت اللہ 62 گیندوں پر 162 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یہ اسکور بنیادی طور پر مختصر دورانیہ کی کرکٹ میں دوسرا بڑا اسکور ہے، اس سے قبل آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے 172 رنز بناچکے ہیں جب کہ ان کی اننگز میں 16 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے جو کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ ہے۔

حضرت اللہ زازئی نے 42 گیندوں پر سنچری بنائی جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیسری تیز ترین سنچری ہے جب کہ اس میچ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر بھی سب سے زیادہ اسکور بنے۔ افغانستان کے 278 رنز کے جواب میں آئرلینڈ نے بھی 194 رنز بنائے یوں پورے میچ میں 472 رنز بنے۔