166

ترسیلات زر اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں 70 فیصد اضافہ

اسلام آباد۔ وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے 6 ماہ کے دوران اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانیوالی ترسیلات زر میں 10 فیصد اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں سترہ فیصد اضافہ ہوا ہے اورملک کے اقتصادی اعشاریے حکومت کی بہتر کارکردگی اور درست سمت کا اظہار ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے گذشتہ روز یہاں سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار ترجمان محکمہ خزانہ خاقان نجیب نے گذشتہ 6ماہ کی اقتصادی صورتحال کے حوالے سے یہاں سے جاری کردہ اپنے بیان میں کیا۔ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے گذشتہ چھ ماہ کے دوران ملک میں اقتصادی اعشاریئے بہتر ہوئے ہیں جو حکومت کی بہتر کارکردگی اور درست سمت کی عکاسی کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ رواں مالی سال 2018۔19 کے پہلے چھ ماہ کے دوران بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانیوالی ترسیلات زر میں دس فیصد اضافہ ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی شرح میں 17فیصد اضافہ ہوا ہے۔اس کے علاوہ رواں مالی سال کی پہلی ششہاہی کے دوران تجارتی خسارے میں پانچ فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ملکی برآمدات میں دو فیصد اضافہ اور درآمدات میں دو فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

ترجمان وزارت خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں پچھلے سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران تجارتی خسارہ میں بھی4.4 فیصد کمی ہوئی ہے۔