جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے کم رنز پر آؤٹ ہونے پر دلبرداشتہ ایک بھارتی شائق نے خود کو آگ لگا کر خودکشی کر لی۔
کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ویرات کوہلی صرف پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹے تو مدھیا پردیش سے تعلق رکھنے والے 63سالہ سابق ریلوے ملازم بابو لال بیروا نے خود کو آگ لگا لی۔
مقامی پولیس آفیشل نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ بابو لال منگل کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس آفیشل نے کہا کہ ہلاک شخص جمعے کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ دیکھ رہے تھے۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ کوہلی کے آؤٹ ہونے پر وہ بہت دلبرداشتہ ہو گئے۔ انہوں نے قریب سے پیٹرول کی بوتل لی اور سر پر چھڑک کر خود کو آگ لگا لی۔
بابو لال کی چیخ و پکار سن کر اہلخانہ نے فوری طور پر انہیں ہسپتال منتقل کیا، ان کا سر، شہرا اور ہاتھ بری طرح جھلس گئے تھے۔
اتوار کا دن بارش کی نظر ہونے کے باوجود جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ چوتھے دن ختم ہو گیا اور بھارت کو میچ میں 72 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔