128

دبئی ٹیسٹ؛ یاسر شاہ نے کیویز بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑادیں

دبئی: پاکستان کی پہلی اننگز 418 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد قومی ٹیم نے میزبان ٹیم کو فالو آن کروادیا۔ 

دبئی ٹیسٹ تیسرے روز بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا، نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 24 رنز پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، اوپننگ بلے بازوں نے ٹیم کو 50 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد یاسر شاہ نے پہلے اوپنر جیت راول کو 31 رنز پر بولڈ کیا اور پھر اگلے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔

کھانے کے وقفے کے بعد یاسر شاہ نے مزید 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے رہی سہی کسر بھی پوری کردی جب کہ حسن علی نے بھی ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نیوزی لینڈ کے 6 کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے۔

دوسرے روز پاکستان نے 5 وکٹ پر 418 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کردی تھی، قومی ٹیم کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی جب کہ بابراعظم نے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔ حارث سہیل کیریئر کا بہترین اسکور 147 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ بابراعظم 127 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ایک بار پھر اوپننگ بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ رکے، امام الحق اور محمد حفیظ 9، 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بعدازاں اظہر علی 81 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ پہلے ابوظہبی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو 4 رنز سے ہرا دیا تھا۔