95

پاکستان کا آئی ایم ایف کی شرائط ماننے سے انکار، مذاکرات بے نتیجہ ختم

اسلام آباد: پاکستان نے آئی ایم ایف کے بعض مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد مذاکرات کا پہلا دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرت پچھلے دو ہفتے سے جاری تھے جس میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی مالی امداد کے لیے سخت شرائط سامنے آئیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف اور پاکستان پُر امید ہیں کہ اگلے سال 15 جنوری سے قبل کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نےآئی ایم ایف کےکچھ مطالبات تسلیم کرنے سے معذرت کرلی ہے جس میں روپے کی قیمت میں کمی، ٹیکسوں کی شرح بڑھانے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان سے 20 سے 22 فیصد تک بجلی کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا جس سے پاکستان نے معذرت کرلی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان نے چین سے مالی معاونت کی تفصیلات فراہم کرنے سے بھی معذوری ظاہر کی ہے اور مؤقف اختیار کیا ہےکہ ہماری کچھ ریڈ لائنز ہیں جنہیں عبور نہیں کیا جاسکتا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کا وفد مذاکرات کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کرےگا جس کے بعد آئی ایم ایف کا وفد دوبارہ پاکستان آنے کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔