106

ون ڈے رینکنگ، فخر زمان کیریئر بیسٹ گیارہویں پوزیشن پر آگئے

دبئی: آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ میں فخر زمان گیارہویں پوزیشن پر آگئے جب کہ انگلینڈ کی ٹیم پہلے اور پاکستان ایک پوائنٹ کے اضافے کے باوجود پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں انگلینڈ پہلے، بھارت دوسرے ، نیوزی لینڈ تیسرے اور جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر ہے۔ کھلاڑیوں کی رینکنگ میں ویرات کوہلی کا بیٹنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے جب کہ فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف عمدہ بیٹنگ کی بدولت 6 درجے چھلانگ لگا کر گیارہویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

ٹاپ ٹین میں شامل واحد پاکستانی بیٹسمین بابراعظم پانچویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روس ٹیلر کیریئر کی بہترین تیسری پوزیشن پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ روہت شرما دوسرے نمبر پر ہیں اور جوئے روٹ نے  چوتھی پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔

دوسری طرف ٹاپ ٹین بولرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں۔ حسن علی 13 ویں جبکہ 16 درجے بہتری پانے کے باوجود شاداب خان 24 ویں نمبر پر ہیں، ‏ٹاپ 5 بولرز میں بالترتیب جسپریت بمرا، راشد خان،  کلدیپ یادیو، کا گیسو ربا دا اور یوزیندرا چاہل شامل ہیں جب کہ پاکستان کے حسن علی 13 ویں پوزیشن پر ہیں۔ آل راؤنڈرز میں افغانستان کے راشد خان نمبر ون پوزیشن پر ہیں، پاکستان کے محمد حفیظ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ عماد وسیم 22 ویں پوزیشن پر ہیں۔