دبئی: بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان کی روایتی حریف بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو ہدف دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میچ میں زیادہ سے زیادہ مجموعہ بنا کر حریف ٹیم میں دباؤ میں لینے کی کوشش کریں گے۔بھارتی کپتان روہیت شرما کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ بھارتی ٹیم میں خلیل احمد اور شردل ٹھاکر کی جگہ ہردک پانڈیا اور جسپریت بمرا کو شامل کیا گیا ہے۔پاکستان ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، شعیب ملک، بابر اعظم، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم کپتان روہیت شرما، شکھر دھوان، امباتی رائڈو، مہیندر سنگھ دھونی، کیدار جادھو، ہردک پانڈیا، بھوونیشور کمار، جسپریم بمرا اور کلدیپ یادیو اور یوزویندر چاہال پر مشتمل ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ میچ میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے ہانگ کانگ سے فتح حاصل کی تھی۔
ادھر ایونٹ کے پہلے مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی تھی۔واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔









