225

لاڈز ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے نام

لندن: محمد عباس اور حسن علی کی شاندار گیند بازی کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز 184 پر آؤٹ کردیا ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا۔

الیسٹر کک اور اسٹونمین اننگز نے اننگز کا آغاز کیا۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ 12 رنز کے مجموعے پر گری اور اسٹونمین 4 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد الیسٹر کک اور جو روٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 21 رنز بنائے جس کے بعد جو روٹ 4 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ڈیوڈ ملان بھی خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 6 رنز بناکر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انگینڈ کی ٹیم کا اس وقت اسکور 43/3 تھا۔اس کے بعد ایلسٹر کک اور جونی بیئرسٹو نے اننگز کو سہارا دیتے ہوئے 57 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 27 کے انفرادی اسکور پر بیئرسٹو آؤٹ ہوگئے۔

بیئرسٹو کے بعد اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز ایلسٹر کک تھے جنہوں نے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ محمد عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔آگے آنے والے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 184 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔پاکستان کی جانب سے حسن علی اور محمد عباس نے 4،4 جبکہ فہیم اشرف اور محمد عامر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔