143

عبدالرزاق نے کرکٹ میں واپسی کا اعلان کر دیا

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کرکٹ میں واپسی کا اعلان کر دیا اور پہلے مرحلے میں ان کی واپسی ڈومیسٹک کرکٹ میں ہوگی۔

وہ قائد اعظم ٹرافی میں پی ٹی وی کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے  اور اس سلسلے میں عبدالرزاق کا پاکستان ٹیلی ویژن کی ٹیم سے معاہدہ بھی ہوگیا ہے۔

38 سالہ عبدالرزاق نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کو اپنا ہدف بنالیا ہے، انہوں نے آخری انٹرنیشنل میچ 5 سال پہلے کھیلا تھا۔

اس حوالے سے آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا ہے کہ انہیں محمد وسیم نے کرکٹ میں واپسی کے لیے رضامند کیا۔

انہوں ںے کہا کہ میں یہ بات بخوبی جانتا ہوں کہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے مزید نہیں کھیل سکتا اور ڈومیسٹک کرکٹ میں میری واپسی کا مقصد قومی ٹیم میں واپسی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ عبدالرزاق نے پاکستان کی جانب سے آخری ٹیسٹ میچ دسمبر 2006، آخری ون ڈے انٹرنیشنل نومبر 2011 اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نومبر 2013 میں کھیلا تھا اور انہوں نے باضابطہ طور پر کبھی ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا۔