پاکستان نے تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے مقابلے میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کیلئے 216 رنز کا ہدف دے دیا۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد قومی بیٹرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، تاہم وہ سنچری مکمل کرنے سے صرف 4 رنز کی دوری پر آؤٹ ہوگئے۔ صاحبزادہ فرحان نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 73 رنز بنائے۔
فخر زمان 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ حسن نواز 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا، مہیش تھیکشانا اور داسن شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں پہلے ہی 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ دوسرے میچ میں کامیابی قومی ٹیم کی سیریز میں برتری مزید مستحکم کر سکتی ہے۔









