3

اعظم خان کی موت کی جعلی خبر وائرل، کرکٹر کا دلچسپ ردعمل سامنے آگیا

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے سوشل میڈیا پر اپنی موت سے متعلق گردش کرنے والی جعلی خبر پر دلچسپ اور طنزیہ انداز میں ردعمل دے دیا۔

گزشتہ روز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اعظم خان کی اچانک موت سے متعلق ایک من گھڑت خبر تیزی سے وائرل ہوئی، جس پر کرکٹ شائقین سمیت صارفین میں تشویش پھیل گئی۔

جعلی خبر کے بعد اعظم خان کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھے اس افواہ پر ہنستے دکھائی دیے۔

اعظم خان نے طنزیہ انداز میں اپنی موت کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "اچھا کھلاڑی تھا، بیچارہ کل پاکستان کے لیے کھیلنے والا تھا مگر مر گیا۔"

کرکٹر کے اس دلچسپ جواب کے بعد واضح ہوگیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی موت کی خبر جھوٹی اور بے بنیاد تھی۔

28 سالہ اعظم خان نے پاکستان کی جانب سے آخری مرتبہ 6 جون 2024 کو امریکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں شرکت کی تھی۔

وہ اب تک پاکستان کی طرف سے 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں ان کے نام 88 رنز ہیں۔

حالیہ برسوں میں سوشل میڈیا پر معروف شخصیات کی موت، حادثات اور دیگر واقعات سے متعلق جعلی خبریں تیزی سے وائرل ہونے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔ ماہرین صارفین کو مشورہ دیتے ہیں کہ ایسی خبروں پر یقین کرنے سے پہلے مستند ذرائع سے تصدیق ضرور کریں۔