کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں اہم غیر ملکی کرنسیوں کے نرخ میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں ڈالر، یورو اور برطانوی پاؤنڈ سستے جبکہ اماراتی درہم اور سعودی ریال مہنگے ہوگئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک پیسے کی کمی ہوئی، جس کے بعد ڈالر 277.16 روپے سے کم ہو کر 277.15 روپے پر بند ہوا۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ امریکی ڈالر 15 پیسے سستا ہو کر 279.23 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح یورو کی قدر میں 36 پیسے کی کمی ہوئی اور یورو 319.36 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ برطانوی پاؤنڈ 17 پیسے سستا ہو کر 371.55 روپے پر آگیا۔
دوسری جانب اماراتی درہم کی قیمت میں 2 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد درہم 76.30 روپے کا ہوگیا، جبکہ سعودی ریال 4 پیسے مہنگا ہو کر 74.54 روپے پر پہنچ گیا۔
کرنسی مارکیٹ میں یہ تبدیلیاں کاروباری ہفتے کے آغاز پر سامنے آئی ہیں، جہاں مختلف عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔









