7

امام الحق کی انجری پر پی سی بی کا ایکشن، کرکٹر پر2 سالہ پابندی متوقع

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق کی انجری سے متعلق معاملے نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی سی بی امام الحق کی انجری کے معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے جا رہا ہے، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ان کے خلاف ممکنہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ان پر دو سال تک پابندی عائد کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

امام الحق کو انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز فیلڈنگ کے دوران پنڈلی میں تکلیف ہوئی تھی، جس کے باعث وہ پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ کیلئے دستیاب نہیں تھے۔ دوسری اننگز میں بھی وہ میدان میں نہ اتر سکے۔

لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو 389 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 194 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ انگلینڈ نے ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پی سی بی کو وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے نظم و ضبط سے متعلق بھی تحفظات ہیں اور مستقبل میں ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کا امکان ہے۔

امام الحق اور محمد رضوان ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ سے قبل پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا تھا۔

پی سی بی کی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات سامنے آنے کے بعد امام الحق کے مستقبل سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔