چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 11ویں پوزیشن کے لیے کھیلا گیا میچ مقررہ وقت تک 4-4 گول سے برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
جنوبی افریقا نے پہلے کوارٹر میں گول کرکے برتری حاصل کی جبکہ دوسرے کوارٹر میں مزید ایک گول کرکے اسکور 2-0 کردیا۔
پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پہلے افراز اور پھر محمد حماد کے گول کی بدولت مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ ہاف ٹائم تک دونوں ٹیموں کا اسکور برابر رہا۔
تیسرے کوارٹر کے آغاز میں پاکستان کے کپتان رانا وحید نے گول کرکے ٹیم کو 3-2 کی برتری دلائی، تاہم جنوبی افریقا نے کچھ ہی دیر بعد گول کرکے مقابلہ دوبارہ 3-3 سے برابر کردیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں جنوبی افریقا نے پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے ایک بار پھر برتری حاصل کرلی، تاہم کھیل ختم ہونے سے چند سیکنڈ قبل حماد الدین نے اہم گول کرکے پاکستان کو 4-4 سے برابری دلادی۔
مقررہ وقت تک مقابلہ برابر رہنے کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جہاں پاکستان نے 3-4 سے کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے، جن میں 2 میں کامیابی حاصل کی، 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ برابر رہا۔
جنوبی افریقا کے خلاف کامیابی کے ساتھ پاکستان نے عالمی کپ میں اپنا سفر 11ویں پوزیشن پر مکمل کرلیا۔









