بجلی صارفین کیلئے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، بجلی کی قیمت میں ایک ماہ کیلئے 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، جس سے صارفین پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جولائی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کیلئے نیپرا سے درخواست کردی ہے۔
بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر نیپرا میں آج سماعت ہوگی، جس کے دوران متعلقہ اعداد و شمار اور فیول چارجز کا جائزہ لیا جائے گا۔
سی پی پی اے کے مطابق جولائی میں ڈیزل سے بجلی کی پیداوار کی لاگت 50 روپے فی یونٹ جبکہ درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت 54 روپے 47 پیسے فی یونٹ ریکارڈ ہوئی۔
درآمدی ایل این جی سے بجلی کی پیداوار کی لاگت 47 روپے 37 پیسے فی یونٹ رہی۔
نیپرا سماعت مکمل ہونے اور اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نیپرا نے جون کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخ میں 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی، جس کا اطلاق ملک بھر کے صارفین پر کیا گیا تھا۔









