ایپل کے نئے اسمارٹ فونز کا انتظار کرنے والے صارفین کے لیے مایوس کن خبر سامنے آئی ہے۔ بلومبرگ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی ایپل آئندہ ماہ متوقع طور پر اپنی نئی فلیگ شپ سیریز "آئی فون 18 پرو" اور "آئی فون 18 پرو میکس" کی قیمتوں میں 100 ڈالر تک کا اضافہ کر سکتی ہے۔
بلومبرگ کے معروف تجزیہ کار مارک گرومین کے مطابق آئی فون 18 پرو کی امریکا میں ابتدائی قیمت 1199 ڈالر مقرر کی جا سکتی ہے، جو سابقہ ماڈل کے مقابلے میں تقریباً 9 فیصد زائد ہوگی۔ میموری اور اسٹوریج کے اہم پرزوں کی بین الاقوامی قیمتوں میں اضافے کے باعث سام سنگ اور گوگل پہلے ہی اپنے فلیگ شپ فونز مہنگے کر چکے ہیں، جس کے تناظر میں ایپل بھی قیمتیں بڑھانے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔ کمپنی اس سے قبل میک بک اور آئی پیڈ کی قیمتوں میں بھی ردوبدل کر چکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ستمبر کے متوقع ایونٹ میں آئی فون 18 پرو سیریز، ایک نئے ممکنہ الٹرا ماڈل، ایپل واچ اور نئے ایئر پوڈز کے ساتھ کمپنی کا پہلا بک اسٹائل فولڈ ایبل فون بھی متعارف کرائے جانے کے امکانات ہیں۔ تاہم، قیمتوں اور نئے ماڈلز سے متعلق ایپل نے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق جاری نہیں کی ہے۔









