انگلینڈ کے فاسٹ بولر برائیڈن کارس ڈربی کے ایک نائٹ کلب کے باہر پولیس کی حراست اور ہتھکڑی لگی حالت میں ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستان کے خلاف لارڈز میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے فاسٹ بولر سونی بیکر کو متبادل کے طور پر ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برائیڈن کارس کو کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ڈرہم کی فتح کے بعد ڈربی کے نائٹ کلب کے باہر پولیس اہلکاروں کے گھیرے میں دیکھا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد ای سی بی نے باقاعدہ تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے معاملے کو آزاد کرکٹ ریگولیٹر کے سپرد کر دیا ہے۔ ای سی بی کے مطابق جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتیں اور حقائق واضح نہیں ہوتے، فاسٹ بولر قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق برائیڈن کارس پر فی الحال کوئی باقاعدہ فوجداری مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی ڈربی شائر پولیس نے اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری کیا ہے، تاہم کرکٹ بورڈ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے پیشِ نظر تادیبی کارروائی شروع کر دی ہے۔









