2

بھارتی کرکٹر کرن شرما نےریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

سابق بھارتی لیگ اسپنر کرن شرما نے 38 سال کی عمر میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کے ساتھ ہی ان کے دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کرکٹ کیریئر کا اختتام ہوگیا۔

کرن شرما نے بھارت کی جانب سے ایک ٹیسٹ، دو ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا، جبکہ ان کا آخری بین الاقوامی میچ نومبر 2014 میں تھا۔

ریٹائرمنٹ کے اعلان پر کرن شرما نے کہا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کا وقت مکمل ہوچکا ہے۔ ان کے مطابق 38 سال کی عمر میں مزید کھیل جاری رکھنے کی کوئی خاص وجہ نہیں اور اب نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع ملنے چاہئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنے سے قبل انہوں نے اپنے خاندان اور قریبی دوستوں سے مشورہ کیا، جن کی رائے بھی یہی تھی کہ کھیل کو خیرباد کہنے کا یہ مناسب وقت ہے۔

کرن شرما نے اپنا واحد ٹیسٹ میچ 2014 میں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔ محدود بین الاقوامی کیریئر کے باوجود وہ شاندار ڈومیسٹک اور ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ کے ساتھ کرکٹ سے رخصت ہوئے ہیں۔

انہوں نے اتر پردیش، ریلوے، ودربھ اور آندھرا کی نمائندگی کرتے ہوئے 97 فرسٹ کلاس میچوں میں 270 وکٹیں حاصل کیں۔

کرن شرما نے آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلورو، ممبئی انڈینز، سن رائزرز حیدرآباد اور چنئی سپر کنگز کی نمائندگی بھی کی اور 90 سے زائد میچز کھیلے۔

وہ 4 مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی رہے، جبکہ اب ان کے ریٹائرمنٹ کے ساتھ بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ کا ایک طویل باب اختتام پذیر ہوگیا ہے۔