5

اسکولوں میں ہاکی کو فروغ دینے کیلئے پی ایچ ایف کا بڑا اقدام

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت پنجاب کے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے صوبے بھر کے اسکولوں میں ہاکی کے فروغ اور گراس روٹس سطح پر کھیل کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے ہاکی سامان کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز کردیا۔

اس حوالے سے 19 اگست 2026 کو ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب کے دفتر میں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈویژنل اسپورٹس افسران، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نمائندگان اور اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پروگرام پر مؤثر عملدرآمد، اداروں کے درمیان رابطے اور سامان کی تقسیم کی تقریبات کو کامیاب بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔

حکام کو ہدایت دی گئی کہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، مقامی انتظامیہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نمائندگان کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے، جبکہ فیلڈ افسران کو تقسیمِ سامان کی تقریبات کے انتظامات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

راولپنڈی سے پروگرام کا آغاز

پروگرام کی پہلی تقریب 21 اگست 2026 کو صبح 10 بجے وقارالنساء کالج برائے خواتین، راولپنڈی میں منعقد ہوگی۔ شدید بارش کے باعث تقریب کا مقام ایسٹرو ٹرف ہاکی اسٹیڈیم سے تبدیل کرکے وقارالنساء کالج منتقل کردیا گیا ہے۔

تقریب میں راولپنڈی ڈویژن کے 45 اسکولوں کو ہاکی کا سامان فراہم کیا جائے گا۔ ہر اسکول اپنی ہاکی ٹیم کے 15 کھلاڑیوں اور 2 اساتذہ کے ہمراہ تقریب میں شرکت کرے گا، جبکہ تقریب میں تقریباً ایک ہزار طلبہ بطور تماشائی شریک ہوں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ہاکی کا سامان باضابطہ طور پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر راولپنڈی وصول کریں گے۔

پی ایچ ایف کے مطابق اس پروگرام کا مقصد ہاکی کو براہِ راست اسکولوں تک پہنچانا، نوجوان کھلاڑیوں کو ضروری کھیلوں کا سامان فراہم کرنا اور انہیں کوچنگ و مقابلوں کے مواقع دینا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس اقدام کو قومی کھیل کی بحالی اور گراس روٹس سطح پر ہاکی کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔

پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ ہاکی کو پاکستان کے اسکولوں میں دوبارہ فعال بنانا اس پروگرام کا بنیادی مقصد ہے اور اس سفر کا باقاعدہ آغاز راولپنڈی سے کیا جا رہا ہے۔