4

ای سی سی نے 1 لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے پاس موجود ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں چینی کی برآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈرز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

حکام کے مطابق برآمد کی جانے والی چینی گزشتہ سال درآمد کی گئی 3 لاکھ ٹن چینی کے باقی ماندہ اسٹاک میں شامل ہے۔

ای سی سی کے فیصلے کے مطابق چینی کی برآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈرنگ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) کے قوانین کے تحت کی جائے گی۔

حکومت کے اس فیصلے کے بعد ٹریڈنگ کارپوریشن کے پاس موجود چینی کے ذخیرے کو عالمی منڈی میں برآمد کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔