3

ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد کا پی سی بی ہیڈکوارٹرز کا دورہ

اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطح کے وفد نے لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈکوارٹرز، قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا۔

ایرانی وفد نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایرانی کرکٹ ٹیموں کیلئے کوچنگ معاونت، پاکستانی کوچز کی جانب سے ایران کی جونیئر اور سینئر ٹیموں کو تربیتی تجربہ اور مہارت منتقل کرنے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

دونوں جانب سے کوچنگ کے علم اور تجربات کے تبادلے کے ساتھ کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔

ملاقات میں ایرانی کرکٹ کیلئے کھیلوں اور کرکٹ کے سامان کی فراہمی میں معاونت جبکہ جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کی ضروریات کی نشاندہی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

ایرانی وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ میوزیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی تربیتی سہولیات کا دورہ کرکے وہاں موجود انتظامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے اختتام پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایران کرکٹ ایسوسی ایشن نے دونوں ممالک میں کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کیلئے مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

اس پیش رفت کو پاکستان اور ایران کے درمیان کرکٹ روابط کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں دونوں ممالک کے کھلاڑیوں اور کوچز کیلئے تعاون کے مزید راستے کھل سکتے ہیں۔