2

عاقب جاوید کی بیٹی عقبہ جاوید رشتہ ازدواج میں منسلک، تصاویر وائرل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ و ون ڈے کرکٹر اور موجودہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی بیٹی عقبہ عاقب رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

عقبہ عاقب کی شادی 9 اگست کو برطانیہ میں ایک غیر ملکی نوجوان سے ہوئی، جس کی تصاویر ان کی والدہ، معروف شاعرہ و مصنفہ فرزانہ عاقب نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں عقبہ عاقب سفید رنگ کے خوبصورت عروسی لباس میں نظر آرہی ہیں، جبکہ ان کے شوہر نے رسمی سوٹ زیب تن کر رکھا ہے۔ تصاویر میں دونوں کے بازوؤں پر بنے ٹیٹو بھی نمایاں ہیں۔

فرزانہ عاقب نے اپنی بیٹی کی شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے عقبہ عاقب، اپنے داماد اور دونوں خاندانوں کے لیے خوشگوار، کامیاب اور پُرسکون زندگی کی دعا کی۔

عقبہ عاقب تعلیم کے حوالے سے بھی مضبوط پس منظر رکھتی ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کی معروف یونیورسٹی آف سسیکس سے میڈیا اور انٹرنیشنل جرنلزم میں گریجویشن مکمل کی ہے۔

عقبہ کی والدہ فرزانہ عاقب کا شمار ادبی حلقوں کی معروف شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ انگریزی شاعری اور ادبی تخلیقات کے حوالے سے جانی جاتی ہیں جبکہ ان کے مطابق وہ انگریزی شاعری کی 70 سے زائد کتابیں تحریر کرچکی ہیں اور متعدد بین الاقوامی ادبی ایوارڈز بھی حاصل کرچکی ہیں۔

دوسری جانب عاقب جاوید پاکستان کے سابق ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹر ہیں اور اس وقت قومی کرکٹ ٹیم کے تمام فارمیٹس کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینز نیشنل سلیکشن کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔

عقبہ عاقب کی شادی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد کرکٹ اور ادبی حلقوں سے وابستہ افراد کی جانب سے عاقب جاوید، فرزانہ عاقب اور دونوں خاندانوں کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔