عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگیز کی شادی سے قبل کئی ماہ تک یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ جوڑا اپنی شادی پر تقریباً 12 ملین ڈالر خرچ کرے گا، تاہم دونوں نے ان توقعات کے برعکس انتہائی سادہ اور نجی انداز میں شادی کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ رونالڈو اور جارجینا پرتگال کے آبائی جزیرے میڈیرا میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کریں گے، جس میں مہمانوں، قیمتی ملبوسات، تفریح، سفری انتظامات اور سیکیورٹی پر خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔
تاہم جوڑے نے پرتگال کے ساحلی شہر کاسکائس میں ایک نجی تقریب میں شادی کی، جس میں صرف ان کے پانچ بچے شریک ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق شادی کے لیے نہ کسی بڑے وینیو کا انتخاب کیا گیا اور نہ ہی معروف شخصیات کے لیے خصوصی سفری انتظامات کیے گئے۔ اسی طرح کسی بڑی اور پرتعیش استقبالیہ تقریب کا بھی اہتمام نہیں کیا گیا۔
رونالڈو اور جارجینا کی شادی کے اخراجات سے متعلق گردش کرنے والے 12 ملین ڈالر کے تخمینے میں ممکنہ طور پر قیمتی زیورات، مہنگے ملبوسات، تفریح، مہمانوں کے سفری اخراجات اور سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات شامل کیے گئے تھے۔
دونوں نے زیورات کے معاملے میں بھی سادگی کو ترجیح دی۔ جارجینا عام طور پر قیمتی اور بڑے ہیروں کے زیورات میں دکھائی دیتی ہیں، جبکہ ان کی منگنی کی انگوٹھی بھی انتہائی قیمتی قرار دی جاتی رہی ہے، تاہم شادی کے موقع پر دونوں نے سادہ طلائی انگوٹھیوں کا تبادلہ کیا۔
کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے ایک ساتھ ہیں۔ دونوں کی ملاقات میڈرڈ میں ایک لگژری اسٹور میں ہوئی تھی، جہاں جارجینا ملازمت کرتی تھیں جبکہ رونالڈو اس وقت ریئل میڈرڈ کی نمائندگی کر رہے تھے۔
جوڑے کی جانب سے شادی کو محدود اور نجی رکھنے کا فیصلہ اس عمومی تاثر کے برعکس ہے کہ دنیا کے امیر ترین اور معروف کھیلوں کے ستاروں کی شادی لازماً ایک شاندار اور مہنگی تقریب ہونی چاہیے۔
رونالڈو اور جارجینا کے شادی کے انداز سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں نے نمود و نمائش کے بجائے خاندان اور نجی زندگی کو زیادہ اہمیت دی۔









