پاکستان کے نوجوان اسکواش کھلاڑی عمیر عارف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ جونیئر اسکواش اوپن کا انڈر 17 ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
انڈر 17 کے فائنل میں عمیر عارف نے انگلینڈ کے لیوک میک برائیڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی۔
فائنل میں عمیر عارف کو پہلے گیم میں 4-11 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پاکستانی کھلاڑی نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے دونوں گیمز 11-6 اور 11-5 سے جیت لیے۔
انگلش کھلاڑی نے چوتھے گیم میں 11-9 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا، تاہم فیصلہ کن گیم میں عمیر عارف نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11-4 سے کامیابی حاصل کی اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
عمیر عارف اس سے قبل ورلڈ جونیئر اور ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
نوجوان اسکواش کھلاڑی بلقیس اینڈ عبدالرزاق داؤد فاؤنڈیشن کے فیلو بھی ہیں۔ ان کی کامیابی کو پاکستان میں اسکواش کے مستقبل کیلئے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔









