3

پاکستان ٹیم کو نیا بیٹنگ کوچ ملنے کا امکان، مائیک اسمتھ کے نام پر اتفاق

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی ٹیم کے مستقل بیٹنگ کوچ کی تقرری کے لیے جنوبی افریقا کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر مائیک اسمتھ کے نام پر غور کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی رواں سال کے آغاز سے اس عہدے کے لیے مستقل امیدوار کی تلاش میں تھا، جس کے بعد مائیک اسمتھ کی تقرری کے حوالے سے پیش رفت سامنے آئی ہے۔

مائیک اسمتھ لیول فور کوالیفائیڈ کوچ ہیں اور پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جس کی وجہ سے وہ پاکستانی کرکٹ ماحول سے واقفیت رکھتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے مستقل بیٹنگ کوچ کے لیے مئی میں درخواستیں طلب کی تھیں، جس کے بعد امیدواروں کی جانچ پڑتال اور شارٹ لسٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔

اگر مائیک اسمتھ کی تقرری حتمی ہو جاتی ہے تو وہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ بیٹر اسد شفیق اپریل 2026 سے عبوری بنیادوں پر بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہوگا۔