بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف بلے باز اجنکیا رہانے نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے بعد ان کا طویل بین الاقوامی، آئی پی ایل اور ڈومیسٹک کرکٹ سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
اجنکیا رہانے نے اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 85 ٹیسٹ، 90 ایک روزہ اور 20 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچز کھیلے، جبکہ تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 8 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے۔
رہانے نے بھارت کی جانب سے آخری ٹیسٹ میچ 2023 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا، جبکہ آخری ون ڈے میچ 2018 میں انگلینڈ اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں اجنکیا رہانے نے کہا کہ ہر چیز کا ایک آغاز اور اختتام ہوتا ہے، اور اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ کرکٹ کو الوداع کہنے کا یہی مناسب وقت ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریٹائرمنٹ سے قبل رہانے انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی قیادت کر رہے تھے، جبکہ ممبئی کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی سرگرم تھے۔
اجنکیا رہانے کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی بھارتی کرکٹ کے ایک اہم باب کا اختتام ہوگیا۔









