امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف سخت کارروائی کے بیان کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عالمی معیار برینٹ کروڈ کی قیمت میں 6.6 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد برینٹ خام تیل 89.61 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 6.4 فیصد اضافے کے بعد 84.31 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایران کو سخت جواب دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب خطے میں امریکی افواج کو مبینہ میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرات کا سامنا ہے۔
امریکی سینٹرل کمان کے مطابق حالیہ صورتحال میں ایران نواز گروپوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کے بعد حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں، جبکہ کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب بحیرہ احمر میں ایک آئل ٹینکر کے قریب مشتبہ سرگرمی کی اطلاع کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جس نے عالمی توانائی مارکیٹ میں تشویش مزید بڑھا دی ہے۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر کی صورتحال کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے۔









