4

ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی نرخ بڑھانے کی درخواست پر فیصلہ جلد متوقع

اسلام آباد: ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جو بعد میں جاری کیا جائے گا۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 20 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیپرا میں دائر کی تھی۔

درخواست پر سماعت کے دوران متعلقہ حکام نے بجلی کی پیداواری لاگت اور دیگر عوامل پر اپنا مؤقف پیش کیا۔ نیپرا نے تمام دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

حکام کے مطابق اگر درخواست منظور کر لی جاتی ہے تو بجلی صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑ سکتا ہے۔ حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے تحت ممکنہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی کیا جا سکتا ہے۔

بجلی کی قیمتوں میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا طریقہ کار ایندھن کی قیمتوں، بجلی کی پیداوار اور دیگر اخراجات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، جس کے باعث صارفین کے بلوں میں کمی یا اضافہ ہو سکتا ہے۔

اب صارفین کی نظریں نیپرا کے حتمی فیصلے پر ہیں، جس کے بعد واضح ہوگا کہ بجلی فی یونٹ کتنی مہنگی ہوگی۔