2

بھارتی روپیہ ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گیا

بھارتی کرنسی کو بڑا دھچکا، روپیہ اپنی تاریخ کی کم ترین سطح پر آگیا ہے، جہاں ایک امریکی ڈالر کی قیمت پہلی بار 97 بھارتی روپے تک پہنچ گئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی روپیہ اس سے قبل مئی 2026 میں 96 روپے 96 پیسے کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم اب نئی کمی کے بعد کرنسی مزید دباؤ کا شکار ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں بھارتی روپے پر دباؤ کی بڑی وجہ قرار دی جا رہی ہیں، جبکہ عالمی مارکیٹ میں بدلتی صورتحال نے بھی کرنسی کو متاثر کیا ہے۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا نے روپے کو سہارا دینے کے لیے زرمبادلہ مارکیٹ میں مداخلت بھی کی، تاہم کرنسی کو مسلسل دباؤ کا سامنا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق ڈالر کی مضبوطی اور درآمدی اخراجات میں اضافے کے باعث بھارتی کرنسی پر مزید دباؤ برقرار رہ سکتا ہے۔