3

فیفا ورلڈ کپ فائنل تنازع، ارجنٹائنی کھلاڑیوں پر سخت ایکشن کا امکان

فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا فائنل اسپین کی تاریخی فتح کے ساتھ ساتھ ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے متنازع رویے کے باعث بھی خبروں میں ہے، جس پر عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فائنل میں اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکامی کے بعد ارجنٹائنی کھلاڑیوں کا ردعمل زیرِ بحث آیا۔ میچ کے اختتام پر لیانڈرو پاریدیس کی جانب سے اسپین کے کھلاڑی ایرک کے ساتھ بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا، جبکہ دیگر کھلاڑیوں اور ایک اسسٹنٹ کوچ کے ملوث ہونے کی بھی اطلاعات سامنے آئیں۔

انعامات کی تقریب کے دوران بھی ارجنٹینا کے بعض کھلاڑیوں کا رویہ تنقید کی زد میں آیا، جب وہ اسپین کو ٹرافی دیے جانے کے موقع پر اسٹیج سے منہ موڑ کر کھڑے رہے۔ اس عمل کو کھیل کے جذبے کے خلاف قرار دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیفا نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ڈسپلنری اور اخلاقیاتی پراسیکیوٹر مقرر کر دیے ہیں۔ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ملوث کھلاڑیوں اور کوچز کو پابندی جبکہ ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل کے بعد ارجنٹائنی کھلاڑیوں کی جانب سے متنازع بینر کے معاملے پر بھی کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سابق انگلش پریمیئر لیگ چیف ریفری کیتھ ہیکیٹ نے لیانڈرو پاریدیس پر سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کم از کم 10 میچوں کی پابندی کی تجویز دی ہے۔